مزدور تحریک کا نیا آغاز! لاہور میں گیس اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خلاف ہزاروں صنعتی مزدوروں کا شاہدرہ موڑ پر احتجاج

رپورٹ: اعجاز شاہ صدر PTUDCلاہور:-

مزدور ایکشن کمیٹی کے زیرِاہتمام گیس ،بجلی کی غیر اعلانیہ طویل لوڈ شیڈنگ اور مزدور دشمن پالیسیوں کے خلاف سینکڑوں مزدورں ،طلبہ اور نوجوانوں نے عظیم الشان ریلی کا انعقاد کیا۔ ریلی اور دھرنامزدور ایکشن کمیٹی کے فیصلے کے تحت کیاگیا۔ مزدور ایکشن کمیٹی کا قیام 5جنوری کو داؤد ہرکولیس کے یونین آفس میں منعقدہ میٹنگ میں کیا گیا جس میں لاہور شیخوپورہ روڈ اور کالا شاہ کاکو کی صنعتوں کے مزدور راہنماؤں نے شرکت کی۔ فیصلے کے مطابق ایک ہزار پوسٹر شائع کیا گیا جو مختلف صنعتوں کے مین گیٹ پر آویزاں کیا گیا۔

جمعہ 13جنوری کو تین بجے ریلی کا آغاز رُستم سہراب سائیکل و موٹر سائیکل فیکٹری کے گیٹ کے سامنے سے کیا گیا۔ ریلی کی قیادت ایمکو ایمپلائز یونین سی بی اے کے صدر اکرم گجر ،پاکستان ٹریڈیونین ڈیفنس کمپئین کے مرکزی راہنما آدم پال ،اتحاد کیمیکلز اور متحدہ لیبر فیڈریشن کے راہنما حافظ عاشق،نیشنل لیبر فیڈریشن کے راہنما امین بھٹی ،ملت ٹریکٹر ز سی۔بی ۔اے یونین کے جنرل سیکرٹری مقصود الرحمان و صدر علی نواز،داؤد ہرکولیس سی ۔بی ۔اے یونین کے صدر دین محمد اکوکا و جنرل سیکرٹری ظفر الحسن، لائنر پاک سی۔بی ۔اے یونین کے صدر بوٹا شاہ ،رستم سہراب سی۔بی اے یونین کے صدر رانا اصغر، ہالہ انٹر پرائزز کے مزدور راہنما چوہدری اشرف، شیر بنگال لیبر کالونی کے راہنما چوہدری رشید، غفور خان، رانا نعیم، آل پاکستان پروگریسو یوتھ الائنس کے مرکزی آرگنائزر امجد شاہسواراوربیروزگار نوجوان تحریک کے مرکزی آرگنائزر راشد خالد کر رہے تھے۔

شرکاء ریلی ’’جب تک گیس بجلی بند رہے گی جنگ رہے گی جنگ رہے گی‘‘،’’مزدور دشمن پالیسیاں مردہ باد‘‘،’’حکمرانوں کے ایوانوں میں آگ لگا دو‘‘،’’دنیا بھر کے محنت کشو ایک ہو جاؤ‘‘،’’اب چھین کے لے گا ہر انسان روٹی کپڑا اور مکان‘‘ کے فلک شگاف نعرے لگا رہے تھے۔یہ عظیم الشان ریلی شاہدرہ چوک میں آ کر جلسہ عام کی شکل اختیار کر گئی اور چوک میں مزدوروں نے دھرنا دے کر سڑک بلاک کر دی۔اپنے خطاب میں مزدور راہنماوں نے کہا کہ ہمارے گھروں میں بھوک ہے ،غربت ہے، بیماری ہے اور حکمران سامراجی پالیسیوں کے ذریعے محنت کشوں سے آخری نوالہ تک چھیننے کی کوشش کر رہے ہیں۔تمام مقررین نے بجلی اور گیس کی لوڈ شیڈنگ کی بھر پور الفاظ میں مذمت کی اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر مزدوروں کے تمام مسائل کو حل کیا جائے اور بجلی گیس کی لوڈشیڈنگ مکمل طور پر ختم کی جائے۔PTUDC کے راہنما آدم پال نے کہا کہ یہ احتجاج پہلا اور آخری نہیں ہے بلکہ یہ محض آغاز ہے اور یہ احتجاج حکمران طبقات کیلئے ایک چتاونی ہے کہ اگر تم نے اپنا رویہ تبدیل نہ کیا تو ہم اس احتجاج کا دائرہ پورے ملک تک بڑھاتے ہوئے اپنے حقوق چھین کر لیں گے۔انہوں نے سرمایہ دارانہ نظام اور حکمرانوں کی سامراجی پالیسیوں پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اب اس نظام میں محنت کشوں کے مسائل حل کرنے کی سکت نہیں رہی اس لئے اس نظام کو کھاڑ پھینکتے ہوئے مزدوراج قائم کرنے کی ضرورت ہے جو صرف سوشلسٹ انقلاب کے ذریعے ممکن ہے۔ تما م مزد ور راہنما نے مشترکہ مسائل کے حل کیلئے جدوجہد جاری رکھنے کا عزم کیا۔ دو گھنٹے شاہدرہ چوک بلاک کرنے کے بعد پر امن طور پر جلسہ عام کا اختتام کیا گیا۔

کامریڈ آدم پال کی تقریر سننے کیلئے یہاں کلک کریں