[رپورٹ: کریم لغاری]
سندھ بھرمیں پانی کے بحران کے باعث نہ صرف عام آدمی بلکہ بڑے پیمانے پر کسان متاثر ہورہے ہیں۔ اسی سلسلے میں پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین کی جانب سے 6 جون سے 9 جون تک چمبڑ شہر میں پانی کے شدیدبحران کے خاتمے کے لئے بھوک ہڑتالی کیمپ کا نعقاد کیا گیا جس میں کسانوں سمیت محنت کشوں اور بیروزگار نوجوانوں نے بڑے پیمانے پر شرکت کی۔ شہر کے مختلف علاقوں میں سرخ جھنڈوں کے ساتھ ریلی نکالی گئی جس میں حکومت اورانتظامیہ کے خلاف سخت نعرے بازی کی گئی، ریلی جب چمبڑ بینظیر چوک پر پہنچی تو ایک جلسے کی شکل اختیار کر گئی جہاں پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین کے کامریڈ مقبول اور کامریڈ مولابخش نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پانی کا مسئلہ طبقاتی نظام اور حکمرانوں کی پیداوار ہے۔ حکمران غریب کسانوں کے ساتھ زیادتی کر کے بڑے جاگیرداروں کو فائدے پہنچا رہے ہیں، آخری تجزیے میں پانی کا مسئلہ ایک طبقاتی مسئلہ ہے اور جب تک سرمایہ داری رہے گی پانی کا مسئلہ حل نہیں ہوسکتا بلکہ یہ مزید شدت اختیار کرے گا کیونکہ لوٹ کھسوٹ کے اس راج میں محنت کش عوام اور غریب کسانوں کو کسی قسم کا کوئی ریلیف نہیں دیا جائے گا ، ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم تمام لوگ قومی اور لسانی بنیادوں پر تقسیم ہونے کے بجائے ایک طبقاتی لڑائی کو منظم کرتے ہوئے سوشلسٹ انقلاب برپا کریں تاکہ پانی سمیت تمام تر بنیادی ضروریات ہر انسان کی پہنچ میں لائی جا سکیں۔