سعودی عرب میں محنت کشوں پر ریاستی جبر کے خلاف ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے

سعودی عرب میں اپنے بقایا جات اور تنخواہوں کی عد م ادائیگی کے خلاف احتجاج کرنے والے محنت کشوں پر سعودی ریاست کی طرف سے بدترین جبر کرنے کے ساتھ ان کو قید و کوڑوں کی سخت سزائیں دی گئی ہیں جس کے خلاف پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) کی جانب سے مورخہ 8 جنوری بروز اتوار ملک گیر احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔

کراچی
رپورٹ: ماجد میمن
PTUDC کی ملک گیر احتجاج کی کال پر کراچی پریس کلب کے سامنے مظاہر ہ کیا گیا جس میں پاکستان سٹیل مل، شو میکرز یونین، انصاف لیبر یونین، کراچی پورٹ ٹرسٹ سمیت بڑی تعداد میں محنت کشوں اور نوجوانوں نے شرکت کی۔
karachi-ptudc-protest-against-saudi-government مظاہرے میں سعودی حکومت کے خلاف سخت نعرے بازی کی گئی اور محنت کشوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا گیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مزدور رہنما ڈاکٹر جے پال نے کہا کہ دنیا بھر کے حکمران اپنے ملکوں میں مزدوروں کا استحصال کر رہے ہیں، پاکستان میں بھی محنت کش سخت کسمپرسی کی زندگی گزار رہے ہیں۔ اس معاملے میں ہم PTUDC کے ساتھ ہیں۔ ماجد میمن رہنما سٹیل مل اور کامریڈ جنت رہنما PTUDC کراچی نے کہا کہ سوشلسٹ انقلاب تک جدوجہد جاری رہے گی۔

حیدرآباد
رپورٹ: اوینا ش
پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین کی جانب سے حیدرآباد پریس کلب کے سامنے مورخہ 8 جنوری کو سعودی عرب میں غیر ملکی محنت کشوں کو اپنے حقوق کی خاطر آواز اٹھانے کی پاداش میں 300 کوڑوں سمیت سخت سزاؤں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
ptudc-hyderabad-protest-against-saudi-governmentمظاہرے میں پیرامیڈیکل کے پرشوتم، واپڈا ہائیڈرو یونین سے رمیش چانوریہ، آل پاکستان کلرک ایسوسی ایشن (APCA) کے صوبائی رہنما میرل بھرگڑی، گسٹا کے محمد حسین سمیت نوجوانوں، طلبہ اور خواتین نے شرکت کی۔ مظاہرے کی قیادت PTUDC کے صوبائی رہنما نثار چانڈیو کررہے تھے۔ مظاہرین نے سعودی ریاست کے جبر کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے واقعے کی پرُزور مذمت کی اور یہ مطالبہ کیا کہ اس فیصلے کوفوری طور پر واپس لیاجائے۔

دادو
رپورٹ: کامریڈ حنیف
دادو میں میونسپل پارک دادو سے احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں مختلف ٹریڈ یونینز کے مزدور رہنما و کارکنان ہاتھوں میں بینرزاور پلے کارڈز اٹھائے ہوئے سعودی حکومت کی مزدور دشمن پالیسی پر شدید نعرے بازی کر رہے تھے۔
ptudc-dadu-protest-against-saudi-government-1ریلی شدید نعروں کے ساتھ مین چوک سے ہوتی ہوئی پریس کلب دادو پہنچی جہاں پر اس ریلی سے مختلف مزدور رہنماؤں نے خطاب کیا اور کہا کہ سعودی عرب کا ملک اس وقت مزدوروں کے لیے عالمی قید خانہ بن چکا ہے۔ انہوں نے پاکستانی حکومت سے مطالبہ کیا کہ سعودی عرب میں پاکستانی مزدوروں کو تحفظ فراہم کیا جائے اور سعودی حکومت سے سفارتی تعلقات ختم کیے جائیں۔ مظاہرے سے خطاب کرنے والوں میں کامریڈ انور پنہور صدر پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپیئن سندھ، عنایت جمالی رہنما پرائمری ٹیچرز ایسوسی ایشن، غلام عباس وگھیو رہنما رکشہ ڈرائیورز ایسوسی ایشن، ضمیر کوریجو رہنما سندھی ادبی سنگت، موریل پنہور رہنما ہائی ویز لیبر یونین، اعجاز بگھیو رہنما بے روزگار نوجوان تحریک اور دیگر شامل تھے۔

رحیم یارخاں
رپورٹ: حیدرچغتائی
پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین کے زیر اہتمام ضلعی پریس کلب رحیم یارخان کے سامنے احتجاجی مظاہرے کا انعقاد کیا گیا جس میں مظاہرین نے سعودی عرب میں تارکین وطن کو کوڑوں کی سزادینے پر شدید احتجاج کیا۔
ptudc-rahim-yar-khan-protest-against-saudi-government-1 مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین کے مرکزی سیکرٹری جنرل قمرالزماں خاں، پاکستان فوڈ فیڈریشن کے مرکزی جنرل سیکرٹری سید زمان خاں، پی ٹی یو ڈی سی کے ضلعی صدر حیدرچغتائی، پنجاب ٹیچرز یونین کے سید جعفرگیلانی، ساجد محمود، شاہد اللہ، مسعود افضل کاشی، حنا مسعود، ایم آرڈی ڈبلیو کے ندیم ملک، یونی لیور کے جہانزیب، کوکا کولا فیکٹری ملک رحمان حبیب رومی نے کہا کہ سعودی عرب میں مزدوروں کے ساتھ عہد جہالت کے غلاموں جیسا سلوک سعودی حکمرانوں کی پست ذہنی حالت کا عکاس ہے، جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، انہوں نے کہا کہ آج ملک بھر میں ان مظلوم مزدوروں کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ پاکستان کے مزدوروں کا اہم قدم ہے، اگر پاکستانی حکومت نے سعودی حکومت پر دباؤ ڈال کرمزدوروں کو اس مصیبت سے نجات نہ دلائی تو ملک بھر کی فیکٹریوں اور اداروں میں بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔ مظاہرین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ خلیجی ممالک سے چھانٹیوں کے بعد آنے والے بے روزگار مزدوروں کیلئے روزگار کا بندوبست کیا جائے۔ مظاہرین نے اس موقع پر سعودی حکومت کی بربریت، مزدوروں کو کوڑوں کی سزا، کفالت کے نظام اور بدترین حالات کار کے خلاف نعرہ بازی کی۔

ملتان
رپورٹ: ندیم پاشا
پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین کے زیر اہتمام پریس کلب ملتان کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
ptudc-multan-protest-against-saudi-governmentمظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ سعودی عرب میں دیارِ غیر سے آئے ہوئے مزدوروں کو سات ماہ سے تنخواہیں نہیں دی گئیں جس پر محنت کش آج سراپا احتجاج ہیں۔ مگر سعودی حکومت کی جانب سے مزدوروں کو تنخواہیں ادا کرنے کی بجائے اُنہیں کوڑوں، قید اور جرمانے کی سزا دینا سراسر نا انصافی، معاشی بربریت اور ریاستی دہشت گردی کی کُھلی مثال ہے۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ مزدوروں کے خلاف ریاستی جبر فوری ختم کیا جائے اور تنخواہوں کی ادائیگی یقینی بنائی جائے۔ جب تک سعودی حکومت سزائیں ختم نہیں کرتی اور تنخواہیں ادا نہیں کرتی تب تک سعودی حکومت سے سفارتی تعلقات منقطع کئے جائیں۔ اس موقع پر ندیم پاشا، ذیشان بٹ، نادر گوپانگ، سچل سرمست، توصیف احمد، رحیم بخش، اسلم انصاری، کامریڈ اسحاق، ملک فاروق، نوشیر خان، علی رضا، صدیق سعید، رانا سمیر، غلام عباس، رانا اظہار، شہریار بلوچ، زین نقوی اور دیگر نے مظاہرے کی قیادت کی اور سعودی حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔

لاہور
رپورٹ: عامرکریم
لاہور میں PTUDC کی جانب سے پریس کلب لاہور کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیاجس میں بڑی تعداد میں محنت کشوں اور نوجوانوں نے شرکت کی۔
ptudc-lahore-protest-against-saudi-government شرکا نے سعودی حکومت کے خلاف سخت نعرے بازی کی اور سعودی ریاست کے محنت کشوں پر تشدد کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے امان اﷲمستوتی، عامر کریم، کامریڈ عابد و دیگر نے کہا کہ حکومت، سعودی عرب میں پاکستانی مزدوروں کے تحفظ کیلئے کردار ادا کرے۔ 49 مزدوروں کو کوڑوں کی سزا منسوخ کرکے رہا کیا جائے۔ سعودی عرب میں غیر ملکی مزدوروں کی تنخواہیں معہ ہرجانہ ادا کرکے انکی وطن واپسی کا بندوبست کیا جائے۔

سیالکوٹ
رپورٹ: بابر پطرس
سیالکوٹ پریس کلب کے سامنے PTUDC کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرے کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف فیکٹریوں کے محنت کشوں اور نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
ptudc-sialkot-protest-against-saudi-government اس موقع پر سعودی ریاست کے خلاف اور محنت کشوں کے مطالبات کے حق میں نعرے بازی کی گئی۔ PTUDC سیالکوٹ کے صدر ناصر بٹ، رہنما لیکچررز ایسو سی ایشن بابر پطرس، مرے کالج کے طلبہ رہنما عمیر علی بٹ، مزدور رہنما آصف، BNT کے کامریڈ احسن اور PTUDC انفارمیشن سیکرٹری عمر شاہد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب میں مزدوروں کے ساتھ ظلم وزیادتی اور شدید استحصال حکمران طبقے کی ذہنی بیماری کی عکاسی کرتا ہے۔ سامراجی نظام اور اسکے پیادے زوال پذیر سرمایہ داری کا انتقام مزدوروں سے لے رہے ہیں۔ اربوں ڈالر کا زرمبادلہ کماکردینے والے مزدوروں کے ساتھ لاوارثوں جیسا سلوک کیا جارہا ہے۔ پاکستانی حکومت کی تارکین وطن مزدوروں کی مشکلات سے چشم پوشی، سفاکانہ اور قابل مذمت ہے۔

راولپنڈی
رپورٹ: احمد عمار
راولپنڈی پریس کلب کے سامنے PTUDC کی جانب سے سعودی عرب میں غیر ملکی محنت کشوں پر سعودی حکام کے تشدد کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
ptudc-rawalpindi-protest-against-saudi-government مظاہرین کا کہنا تھا کہ تنخواہیں نہ ملنے کے خلاف مزدوروں کو 300 کوڑوں اور دو ماہ کی قید کی سزا سنائی گئی جو بنیادی انسانی حقوق کے سرا سر منافی ہے، جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جا سکتا۔ سعودی ریاست ہمیشہ محنت کشوں کا خون چوستی آئی ہے اور تارکین وطن کی محنت لوٹ کر دولت کے انبار اکٹھے کرتی رہی ہے۔ لیکن محنت کشوں کو کسی قسم کے حقوق نہیں دئے جاتے اور جب محنت کش اپنے مطالبات کیلئے آواز بلند کرتے ہیں تو ان کو جبر و تشدد اور قید و بند کی سزائیں دی جاتی ہیں۔ پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین ان گھناؤنے اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکام بالا سے یہ مطالبہ کرتی ہے کہ سعودی عرب میں غیر ملکی محنت کشوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے اور پاکستانی حکومت سعودی حکومت سے اپنے سفارتی تعلقات اس وقت تک ختم کر دے جب تک ان وحشیانہ جبری قوانین کو واپس نہیں لیا جاتا۔ PTUDC ان قوانین کے خاتمے تک ملک گیراحتجاج جاری رکھے گی۔ احتجاجی مظاہرے میں پاکستان پیپلز پارٹی، PTUDC اور RSF کے مند و بین نے شرکت کی۔

ٹیکسلا واہ
رپورٹ: چنگیز ملک
مورخہ 5 جنوری شام 4 بجے جی ٹی روڈ واہ پر پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین(PTUDC )کی طرف سے سعودی عرب میں غیر ملکی محنت کشوں پر سعودی حکام کی طرف سے وحشیانہ ریاستی تشدد کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
ptudc-wah-protest-against-saudi-governmentاحتجاجی مظاہرے میں پاکستان پیپلز پارٹی، PTUDC، پی ایس ایف، RSF اور دیگر تنظیموں کے کارکنان نے شرکت کی۔ شرکا نے سعودی ریاستی تشدد کے خلاف بھرپور نعرے بازی کی اور مزدورں کی جدوجہد کو سلام پیش کیا۔ PTUDC کے مرکزی جوائنٹ سیکرٹری چنگیز ملک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سعودی ریاست ہمیشہ محنت کشوں پر جبر کرتی آئی ہے۔ غیر ملکی محنت کشوں کا خون پینے والی سعودی حکومت محنت کشوں کی تنخواؤں کی ادائیگی کرنے کی بجائے ان پر تشدد کر رہی ہے۔ ہم سعودی عرب میں تارکین وطن کی جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں محنت کشوں کو فوری طور پر تنخواہوں کی ادائیگی کی جائے۔ پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین پورے پاکستان میں احتجاج منظم کرے گی اور سعودی حکومت کے وحشیانہ تشدد کو بے نقاب کرے گی۔

پشاور
رپورٹ: سنگین باچا
باقی شہروں کی طرح پشاور پریس کلب کے سامنےPTUDC کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں پشاور یونیورسٹی کے طلبہ، PTUDC کے عہدے دار ان اور مختلف ادارو ں کے محنت کشوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
ptudc-peshawar-protest-against-saudi-governmentمظاہرین نے سعودی حکومت کے خلاف اور محنت کشوں کی رہائی کے لئے شدید نعرہ بازی کی۔ اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سعودی ریاست کا محنت کشوں کے خلاف یہ قدم انتہائی بربریت پر مبنی ہے۔ ہمارا بھر پور مطالبہ ہے کہ محنت کشوں کو ان کی تنخواہیں ادا کی جائیں اور انہیں غیر مشروط طور پر رہا کر دیا جائے اور جب تک ان مطالبات کو تسلیم نہیں کیا جاتا ہمارا ملک گیر احتجاج جاری رہے گا۔