تمام افراد کو مکمل اور مفت علاج کی فراہمی یقینی بنائے جائے
[رپورٹ: PTUDC لاہور]
17
جنوری کوینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن پنجاب کے مرکزی صدر ڈاکٹر جاوید ملک اور سابق مرکزی صدر ڈاکٹر حامد بٹ نے پریس کلب لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ہماری لڑائی تمام تر افراد تک علاج کی مفت رسائی کی لڑائی ہے۔ یہاں ہسپتالوں میں مریض ادویات نہ ہونے کی وجہ سے تڑپ تڑپ کر جان دے دیتے ہیں اور قصور وار ڈاکٹرز کو گردانا جاتا ہے جبکہ ہسپتالوں میں دم توڑ جانے والے 90 فیصد مریضوں کی موت کی ذمہ دار موجودہ حکومت اور یہ ریاست ہے جو گورنمنٹ سیکٹر میں صحت کے شعبے کو برباد کرتی جا رہی ہے اور لگاتار کوشش کی جا رہی ہے صحت کے شعبے کو پرائیویٹائز کیا جائے۔ اس موقع پر YDA پنجاب کی لیڈر شپ کے ساتھ PTCL کے رہنما صابر بٹ، PTUDC کے رہنما راشد خالداور فرہاد کیانی بھی شامل تھے جبکہ YDAبنجاب کے سابق انفارمیشن سیکرٹری ڈاکٹر آفتاب اشرف بھی پریس کانفرنس میں موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنی لڑائی کو محنت کشوں کی تمام تر پرتوں تک لے کر جاتے ہوئے اس کو آگے بڑھائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں ہر سال پانچ لاکھ خواتین زچگی کے دوران مناسب علاج اور غذائی قلت کی وجہ سے مر جاتی ہیں، ہر سال تقریباََ اتنے ہی بچے مناسب خوراک نہ ملنے سے مر جاتے ہیں۔ پاکستان میں بچوں کی نصف تعداد اپنے ساتھ کوئی جسمانی یا ذہنی کمی لے کر پیدا ہوتی ہے اور ایک بڑی اکثریت سائنسی علاج کروانے سے ہی محروم ہے۔ ان تمام تر وجوہات کی ذمہ دار حکومت ہے نہ کہ ڈاکٹرز جو ہسپتالوں میں مریضوں کا علاج کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ ہسپتالوں سے دوائیں تک غائب کی جا رہی ہیں اور انتہائی عام، ضروری اور سستے ٹیسٹ کی سہولت بھی گورنمنٹ ہسپتالوں میں موجود نہیں ہے۔ ہماری لڑائی غریب انسانوں تک علاج کی سہولیات کی فراہمی تک جاری رہے گی۔