[رپورٹ: کامریڈ اویناش]
یوتھ فارانٹرنیشنل سوشلزم اور بیروزگار نوجوان تحریک کے زیر اہتمام مورخہ 28 جولائی کو حیدرآباد میں ایک روزہ ایریا مارکسی اسکول کا انعقاد کیا گیا جس میں حیدرآباد کے مختلف علاقوں سمیت کوٹری، جامشورو اور تلھار سے کامریڈز نے شرکت کی۔ اسکول مجموعی طور پر دو سیشنز پر مبنی تھا جس میں پہلا سیشن ’’جدلیاتی مادیت‘‘ جبکہ دوسرا ’’ریاست اور انقلاب‘‘ تھا۔ پہلے سیشن کو کامریڈ افضل مصرانی نے چیئر کیا۔ تمام کامریڈز کو خوش آمدید کہتے ہوئے اسکول کا باقاعدہ آغاز کیا گیا اور پہلے سیشن ’’جدلیاتی مادیت‘‘ پر لیڈ آف کے لئے کامریڈ حاجی کو مدعو کیا، کامریڈ حاجی شاہ نے اپنی لیڈآف میں جدلیاتی مادیت پر تفصیل سے بات کرتے ہوئے مسلسل حرکت کے قوانین کوخوبصورت انداز میں بیان کیا اور مقدار کے معیار میں تبدیل ہونے سے لیکر نفی کی نفی تک کے سلسلے کو بہترین مثالوں کے ساتھ بیان کیا۔ لیڈآف کے بعد کنٹریبوشنز اور سوالات کا سلسلہ شروع کیا گیا جس میں کامریڈ آفتاب، غلام رسول، لاجونتی و دیگر نے کنٹریبیوشن کیا جس کے بعد تمام تر سوالات کا جواب دیتے ہوئے کامریڈ راہول نے اس سیشن کو سم اپ کیا۔ اسکول کا دوسرا سیشن ’’ریاست اور انقلاب‘‘ پر تھا جس کو چیئر کامریڈ لتا نے کیا اور لیڈ آف کامریڈ اویناش نے دی۔ کامریڈ اویناش نے ریاست کے جنم لینے سے موجودہ عہد تک اسکے کردار کوبیان کرتے ہوئے مختلف ریاستی اداروں پر بات کی جس میں فوج، عدلیہ، سول بیوروکریسی، میڈیا و دیگر شامل ہیں۔ انہوں نے لینن کے الفاظ میں ریاست کس طرح سرمایہ داروں کے پاس پرولتاریہ کو دبانے کے لئے جبر کا آلہ ہے کو تفصیل سے مختلف دلائل کے ساتھ بیان کیا۔ لیڈآف کے بعد سوالات پوچھے گئے جبکہ کامریڈ نظام، حاجی خاصخیلی، احسان، افضل
مصرانی اور کامریڈ نتھو مل نے سیشن میں شاندار کنٹریبوشنز کئے۔ آخر میں کامریڈ حنیف مصرانی نے سوالات کا جواب دیتے ہوئے سیشن سمیت مجموعی طور پر اسکول کا بالشویک جذبات کے ساتھ شاندار سم اپ کیا جس کے بعد انٹرنیشنل ترانہ گاکر اسکول کا اختتام کیا گیا۔